ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 9881مہمان لکچررس کے ساتھ انصاف کرنے کمارسوامی کا مطالبہ

9881مہمان لکچررس کے ساتھ انصاف کرنے کمارسوامی کا مطالبہ

Fri, 04 Feb 2022 09:56:33    S.O. News Service

بنگلورو،4/فروری (ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ و جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی نے آج کہا کہ بی جے پی حکومت ہندوستان کو وشوا گرو بنانا چاہتی ہے۔قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعہ ملک کے لوگوں کے لئے کاشی بنانے کی باتیں کہی جارہی ہیں۔کرناٹک کو ہندوستان کی تعلیمی راجدھانی بنانا چاہتے ہو لیکن کرناٹک میں 9,881مہمان لکچررس کو ان کی ملازمت سے برطرف کرکے کیا یہ سب کرنا ممکن ہے؟

انہوں نے کہا کہ جن کالجوں میں مستقل لکچررس کی قلت ہے ان کالجوں کے لئے مہمان لکچررس کی قلت ہے۔ان کالجوں کے لئے مہمان لکچررس کی اشد ضرورت ہے۔ کیا انہیں برطرف کرنا درست ہے؟ کمارسوامی نے مہمان لکچررس کو برطرف کرنے والی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس پالیسی کی مذمت کی۔

اس سلسلہ میں کمارسوامی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بومئی حکومت کے 6ماہ مکمل ہونے پر کارکردگی پر مشتمل ایک کتابچہ جاری کیا گیا ہے۔اس کا اجراء ودھان سودھا کے ضیافتی ہال میں ایک شاندار پروگرام میں کیاگیا۔اس کتابچہ میں بومئی حکومت کی کارکردگی کی خوب ستائش کی گئی ہے۔یہ بھی کہاگیا ہے کہ حکومت کی اس کارکردگی اور کامیابی کا سلسلہ رکا نہیں ہے۔کیا حکومت نے 9881مہمان لکچررس کو برطرف کرنے کی رپورٹ بھی کتابچہ میں درج کی ہے؟حکومت نے ان لکچررس کو گھروں کو بھیج کر کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔حکومت کی یہ ایک بچکانہ حرکت ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ 9,881 مہمان لکچررس کوبرطرف کرکے بھارت کو وشواگرو بنانا، نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعہ ملک کو لوگوں کی کاشی بنانا اورکرناٹک کو تعلیمی راجدھانی بنانا ممکن ہے؟ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر تعلیم سے ہی ممکن ہے۔جس ملک یا ریاست کی نظر میں اساتذہ کی عزت نہیں وہ ملک یا ریاست کی ترقی کیسے ممکن ہے؟ مہمان لکچررس کے ساتھ ہوئی اس ناانصافی کو فوری دور کرنے اورانہیں ملازمتوں پر بحال کرنے کمارسوامی نے وزیراعلیٰ بسواراج بومئی سے پرزور مطالبہ کیا ہے۔


Share: